نئی دہلی،23؍جولائی(ایس او نیوز؍ایجنسی) مرکزی حکومت نے کہا کہ پورے ملک میں یونیفارم سیول کوڈ لانے کا ان کا فی الحال کوئی خیال نہیں ہے، لیکن ریاستی حکومتیں ایسا قانون لانے کیلئے آزاد ہیں۔ مرکزی حکومت کی طرف سے وزیر قانون کرن رجیجو نے جمعہ کو پارلیمنٹ میں ایک سوال کے جواب دیتے ہوئے یہ واضح کیا کہ مرکزی حکومت فی الحال پورے ملک میں یونیفارم سیول کوڈ لانے پر کوئی غور نہیں کر رہی ہے۔اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ سپریم کورٹ میں اس بابت کئی معاملے التوا میں ہیں اور ایسے میں مرکزی حکومت نے یونیفارم سیول کوڈ نافذ کرنے کیلئے کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے۔ اس کے علاوہ وزیر قانون نے یہ بھی جانکاری دی کہ آئین کے مطابق ریاستی حکومت کو اپنی طرف سے یونیفارم سیول کوڈ اپنی ریاست میں نافذ کرنے کا پورا اختیار ہے۔لا کمیشن نے فیملی لا میں سدھار کو لے کر اپنی ویب سائٹ پر لوگوں سے ان کی رائے مانگی ہے۔ اس قانون میں یونیفارم سیول کوڈ سے متعلق زیادہ تر موضوع شامل ہیں۔ مرکزی حکومت کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے، جبکہ اتراکھنڈ حکومت ریاست میں یونیفارم سیول کوڈ کو نافذ کرنے پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔ گزشتہ 14 جولائی کو ہی اتراکھنڈ میں یونیفارم سیول کوڈ کا مسودہ تیار کرنے کیلئے تشکیل خصوصی کمیٹی کی دوسری میٹنگ نئی دہلی میں اختتام ہوئی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سپریم کورٹ کی ریٹائرڈ جج رنجنا پرکاش دیسائی کی صدارت میں تشکیل کمیٹی کی میٹنگ میں دیگر اراکین نے بھی حصہ لیا اور کامن سیول کوڈ ضابطہ کے مختلف پہلوؤں پر بحث کی۔ میٹنگ میں ماہرین نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کیا کہ یکساں سیول کوڈ کا مسودہ جلد تیار کرکے ریاستی حکومت کو سونپ دیا جائے گا۔